آل انڈیامائناریٹی فرنٹ نے ایودھیا فیصلے کا خیر مقدم کیا،امن کی اپیل کی







نئی دہلی




اجودھیامعاملے پرآل انڈیامائناریٹی فرنٹ نے آج سنائے گئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور یہ بھی کہاہے کہ پارٹی رام مندر کی تعمیر کے حق میں ہے ،پارٹی نے عدالتی فیصلے کوتسلیم کرتے ہوئے اس موقعہ پرملک بھرمیںتمام شہریوں سے امن کی اپیل کی ہے ۔ پارٹی کے سربراہ مسٹر ایس ایم آصف کے زیر صدارت منعقدہ ایگزیکٹوباڈی کی میٹنگ میں منظور ایک قرارداد میں تمام متعلقہ فریقوں سے امن کی اپیل کی گئی ہے اور تمام کمیونٹیز کو سیکولر اقدار کی پاسداری کرنے ،امن کی فضابنانے ،آئین کے احترام اور بھائی چارے کی روح برقراررکھنے کوکہاگیاہے ۔پارٹی کو اعتمادہے کہ یہ تاریخی فیصلہ خود میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔مسٹر آصف نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک کے اتحاد، سالمیت اور عظیم ثقافت کو مزید تقویت دے گا۔پارٹی سربراہ ایس ایم آصف نے یہ بھی کہاہے کہ جو بھی فیصلہ سپریم کورٹ کی طرف سے دیاگیاہے، اسے قبول کرناچاہیے اور سب کو احترام کرنا چاہیے۔یہی آل انڈیاانڈیامائناریٹی فرنٹ کاواضح موقف ہے۔انھوں نے معاشرے سے اپیل کی ہے کہ تمام شہریوںکے درمیان باہمی احترام اور اتحاد کی ہماری روایت برقراررہے،یہ اسی اتحادکی توثیق کاوقت ہے جوہم سب کی اہم ذمے داری ہے۔واضح ہوکہ ہفتہ کو سپریم کورٹ ایودھیا میں متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کے لیے راستہ صاف کردیا، اور ایک مسجد کی تعمیرکے لیے سنی وقف بورڈ کے لیے ایک 5 ایکڑ کا پلاٹ الاٹ کرنے کی مرکزی حکومت کوہدایت کی ہے ۔